انڈین گٹکا کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے نادرن بائی پاس کے قریب دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جو مبینہ طور پر کوئٹہ سے ممنوعہ گٹکا کراچی منتقل کر رہے تھے۔
ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق تھانہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے کارروائی کے دوران عبدالظاہر ولد عطاء محمد اور محمد جان ولد عطاء محمد کو گرفتار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ایک مسافر بس کے ذریعے کوئٹہ سے انڈین گٹکا کراچی لا کر شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے جا رہے تھے۔
کارروائی کے دوران بس سے انڈین گٹکا جے ایم، انڈین گٹکا سفینہ اور دیگر سامان برآمد کیا گیا، جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی بس نمبر BSD-295 کو ضابطے کے مطابق تحویل میں لے لیا گیا۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف سندھ گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
