کومبنگ سرچ آپریشن کے تحت ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس نے کراچی کے علاقے بدر کمرشل، تھانہ درخشاں کی حدود میں گرینڈ سرچ آپریشن کیا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کی ہدایات پر ضلع کے مختلف علاقوں میں کومبنگ سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ آج کا آپریشن بدر کمرشل میں کیا گیا، جہاں پولیس نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے مکمل محاصرہ کیا۔
آپریشن کی نگرانی ایس ڈی پی او درخشاں نے کی، جبکہ ایس ایچ او تھانہ درخشاں اور دیگر پولیس افسران نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ کارروائی میں حصہ لیا۔
پولیس نے آپریشن کے دوران ہوٹلوں، دکانوں، عارضی رہائش گاہوں اور گھروں کی مکمل تلاشی لی اور مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی۔
ترجمان کے مطابق ضلع جنوبی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں، جبکہ پولیس امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے۔