یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی نے 13 جولائی 1931ء کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اذان کی صدا بلند کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے کشمیری شہداء کی قربانیاں تاریخِ کشمیر کا روشن باب ہیں اور آزادی، حق اور انصاف کی جدوجہد کرنے والوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔
کراچی سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تقریباً ایک صدی گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر آج بھی اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کریں۔
محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام کرنا چاہیے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے ایسے اقدامات کیے جائیں جو انصاف، بین الاقوامی قانون اور کشمیری عوام کی خواہشات سے ہم آہنگ ہوں۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدائے کشمیر کے درجات بلند فرمائے اور کشمیری عوام کو امن، آزادی، انصاف اور حقِ خودارادیت کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔