آپریشن شعبان: بلوچستان میں مشترکہ کارروائی، مزید 8 دہشت گرد ہلاک، پانچ روز میں تعداد 117 ہوگئی

آپریشن شعبان کے تحت بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں، جہاں تازہ آپریشن میں مزید 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ پانچ روز کے دوران آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 117 تک پہنچ گئی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس مشترکہ طور پر فتنۃ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہی ہیں۔ فورسز زمینی اور فضائی آپریشنز کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تازہ کارروائی کے بعد صرف آپریشن شعبان کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 79 ہو گئی ہے، جبکہ 5 جولائی سے جاری مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 117 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

دریں اثنا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب آپریشن شعبان پر پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ فورسز نے زمینی اور فضائی کارروائیوں میں اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔

محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا امن خراب کرنے والے عناصر اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں اور پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 117 دہشت گردوں کی ہلاکت اس بات کا ثبوت ہے کہ سیکیورٹی فورسز ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح متحرک، پیشہ ور اور الرٹ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!