موبائل اسنیچنگ کے مقدمے میں مطلوب مفرور ملزم کو ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے گرفتار کر لیا۔ جمشید کوارٹرز پولیس نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم بشیر عرف بشیرا کو حراست میں لے لیا، جو مقدمہ نمبر 143/26 میں دفعہ 397/34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مطلوب تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اور چھینے گئے دو موبائل فون برآمد ہوئے۔ برآمد ہونے والا سامان قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف ضابطے کے مطابق ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں، وارداتوں اور ممکنہ جرائم سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اس سے قبل بھی ڈکیتی کے ایک مقدمے میں تھانہ جمشید کوارٹرز پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو چکا ہے، جس سے اس کے مجرمانہ ریکارڈ کی بھی تصدیق ہوتی ہے۔