ایچ آئی وی: سعید غنی کا متاثرہ بچوں کے لیے 2 ارب روپے کے اینڈومنٹ فنڈ کا اعلان

ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی فلاح کے لیے سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) نے اہم اقدامات کا اعلان کر دیا۔ وزیر محنت و افرادی قوت، سماجی تحفظ سندھ اور چیئرمین سیسی سعید غنی کی زیر صدارت گورننگ باڈی کے اجلاس میں متاثرہ بچوں کے علاج اور فلاح کے لیے فوری طور پر 2 ارب روپے کے اینڈومنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سیکرٹری محنت سندھ ساجد جمال ابڑو، کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو، گورننگ باڈی کے ارکان، طبی ماہرین اور سیسی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے بجٹ اور نظرثانی شدہ بجٹ 2025-26 پر تفصیلی غور کیا گیا۔ گورننگ باڈی نے بجٹ سے متعلق بعض تجاویز اور تحفظات پیش کیے، جس کے بعد آئندہ بجٹ اجلاس 17 جولائی تک مؤخر کر دیا گیا۔

اجلاس میں ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے معاملے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سعید غنی نے کہا کہ 2 ارب روپے کے اینڈومنٹ فنڈ سے متاثرہ بچوں کو معیاری علاج، طبی سہولیات اور فلاحی معاونت فراہم کی جائے گی۔

گورننگ باڈی نے محتسبِ اعلیٰ کی ہدایات پر قائم کی گئی کمیٹی کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا اور رپورٹ کی روشنی میں 37 ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی معطلی اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کی توثیق کر دی۔

سعید غنی نے کہا کہ حکومت اس معاملے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر رہی ہے اور ذمہ دار افراد کو کسی بھی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2025 میں ابتدائی اطلاعات موصول ہونے کے فوراً بعد محکمانہ اجلاس طلب کیا گیا اور انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ابتدا میں صرف چند کیسز سامنے آئے تھے، تاہم حکومت کی ہدایت پر تمام بچوں کی اسکریننگ شروع کی گئی، جس کے بعد اب تک 78 بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہو چکی ہے۔

سعید غنی کے مطابق تحقیقات اس بات کا بھی تعین کریں گی کہ یہ کیسز کب اور کن حالات میں پیش آئے۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے تمام ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور متعلقہ افسران کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اس سانحے کو معمولی واقعہ نہیں سمجھتی اور متاثرہ بچوں اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن طبی، قانونی اور فلاحی معاونت فراہم کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!