کراچی: کراچی پولیس کے ایڈیشنل آئی جی آزاد خان سے کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے 20 رکنی وفد نے صدر منہاج گلفام کی قیادت میں کراچی پولیس آفس میں ملاقات کی، جس میں شہر کی امن و امان کی صورتحال، تاجروں کو درپیش مسائل اور موبائل مارکیٹوں کے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں ایسوسی ایشن کے عہدیداران محمد عابد، وقاص، عرفان بٹ، محمد علی شاہزیب اور دیگر نمائندے بھی شریک ہوئے۔ وفد نے موبائل مارکیٹوں میں سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے اور تاجروں کو درپیش مسائل سے پولیس حکام کو آگاہ کیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے وفد کی تجاویز اور شکایات کو توجہ سے سنا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی پولیس تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور کاروباری مراکز میں مؤثر سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔
ملاقات کے اختتام پر وفد نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو گلدستہ پیش کیا اور سندھ کی ثقافتی روایت کے تحت اجرک بھی پہنائی۔