...

برطانوی ہائی کمیشن: پنجاب میں امن و امان اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام پر تعاون پر تبادلہ خیال

برطانوی ہائی کمیشن کے اسلام آباد میں تعینات وفد نے محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا، جہاں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام اور سکیورٹی اداروں کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق وفد میں فرسٹ سیکرٹری جسٹس اینڈ ہوم افیئرز جیما ولسن اور برٹش ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارنگٹن بھی شامل تھے۔

اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صوبے میں سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ بین الصوبائی بارڈر سکیورٹی کے لیے 14 جدید چیک پوسٹس کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ اور فلاح کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی اور فرقہ واریت کی روک تھام کے لیے سائبر پٹرولنگ سیل فعال کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ صوبے میں 22 ارب روپے کی لاگت سے امام مساجد کے لیے 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ پروگرام بھی جاری ہے۔

اجلاس میں جیل اصلاحات، اسیران کی بحالی، انہیں تکنیکی تربیت فراہم کرنے، سول ڈیفنس ریزیلئنس کور کی جدید خطوط پر تنظیمِ نو، شدت پسندی کے انسداد اور منشیات کے خلاف اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ حکومت قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ بچوں کے تحفظ اور سماجی بہبود کے لیے بھی مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

برطانوی ہائی کمیشن کے وفد نے حکومت پنجاب کی جانب سے سماجی فلاح، قیدیوں کی بحالی اور سکیورٹی کے شعبے میں کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ وفد نے دورے کے دوران اسیران کی تیار کردہ مصنوعات کا بھی جائزہ لیا۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ایڈیشنل آئی جی محمد علی نیکوکارہ، ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال اور محکمہ داخلہ کے دیگر سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.