واٹر ٹینکر: جاں بحق نوجوان کی بیوہ نے 13 کروڑ روپے سے زائد ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا

کراچی: کورنگی صنعتی ایریا میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی بیوہ نے سٹی کورٹ کراچی میں ٹینکر مالک اور ڈرائیور کے خلاف 13 کروڑ روپے سے زائد ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔

سینئر سول جج شرقی کی عدالت میں دائر درخواست کے مطابق دعویٰ جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت دائر کیا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ مارچ 2026 میں چمڑا چورنگی کے قریب ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے طلحہ ظہیر کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق طلحہ ظہیر کی موت حادثے کے دوران لگنے والی شدید چوٹوں کے باعث ہوئی۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ متوفی اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا اور اس کی وفات کے بعد اہل خانہ مستقل مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

وکیل عثمان فاروق کے مطابق جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت ٹینکر مالک اور ڈرائیور قانونی طور پر متاثرہ خاندان کو معاوضہ ادا کرنے کے پابند ہیں، اسی بنیاد پر عدالت سے 13 کروڑ روپے سے زائد ہرجانے کی ڈگری جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!