گلا پلازہ کیس: عدالت نے تنویر پاستا سمیت ملزمان کی ضمانت منظور کر لی

کراچی: سانحہ گلا پلازہ کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے تنویر پاستا سمیت دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے 11 سالہ ملزم حذیفہ کی ضمانت 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی، جبکہ دیگر ملزمان کو فی کس پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت دی۔

سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کم عمر ملزم حذیفہ کی درخواست اس عدالت میں کیوں دائر کی گئی۔ ملزمان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ تمام ملزمان کے خلاف ایک ہی مقدمہ درج ہے، اسی لیے درخواست ایک ہی عدالت میں پیش کی گئی۔

عدالت نے سوال کیا کہ کم عمر ملزم کا مقدمے میں کیا کردار ہے۔ اس پر وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سانحے میں 72 افراد جان سے گئے، لیکن پولیس نے آدھے صفحے پر مشتمل چالان پیش کرکے کیس نمٹا دیا۔ وکیل کے مطابق پولیس نے کسی بھی متعلقہ سول ادارے پر ذمہ داری عائد نہیں کی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہ کرکے رعایت دی۔ عدالت نے مزید کہا کہ چارج شیٹ دو مرتبہ مسترد ہو چکی ہے، تاہم پولیس نے انہی اعتراضات کے ساتھ دوبارہ چالان جمع کرا دیا۔ جج نے واضح کیا کہ کم عمر ملزم کا مقدمہ اس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اور اس کی سماعت متعلقہ جووینائل عدالت میں ہونی چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!