کراچی: لیاری ایکسپریس وے کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے لیے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر کیماڑی ڈویژن میں بڑے پیمانے پر اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران غیر قانونی تعمیرات، عارضی ڈھانچوں اور غیر مجاز پارکنگ کو ہٹا دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر کیماڑی، مختیارکار، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی ٹیموں اور مقامی پولیس نے مشترکہ طور پر حصہ لیا، جبکہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہیوی مشینری بھی استعمال کی گئی۔
انتظامیہ نے بتایا کہ آپریشن کے دوران لیاری ایکسپریس وے کے دونوں اطراف قائم غیر قانونی تعمیرات، عارضی ڈھانچے اور دیگر رکاوٹوں کو مسمار کیا گیا۔ اس کے ساتھ شاہراہ کے کنارے قائم غیر قانونی پارکنگ بھی ختم کر دی گئی، جس کے بعد سڑک اور اطراف کے علاقوں کو کلیئر کر دیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت مل سکے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کے اطراف سرکاری اراضی پر کسی بھی قسم کا غیر قانونی قبضہ یا تجاوز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیماڑی میں کیا جانے والا یہ آپریشن شہر بھر میں جاری اینٹی انکروچمنٹ مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد عوامی مقامات، شاہراہوں اور سرکاری اراضی کو تجاوزات سے پاک کرنا، شہریوں کے لیے سفری سہولتوں میں بہتری لانا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا ہے۔
کمشنر کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات ہٹانے کے بعد متاثرہ مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ دوبارہ غیر قانونی قبضے قائم نہ ہو سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف مہم مزید تیز کی جائے گی اور کسی بھی بااثر فرد یا قبضہ مافیا کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔
