آئی ورک فار سندھ کو حکومت سندھ نے پائلٹ منصوبے سے باقاعدہ سرکاری پروگرام میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے بھر کے نوجوانوں کو سرکاری اور نجی شعبے میں روزگار کے مواقع تک آسان، شفاف اور مؤثر رسائی فراہم کرنا ہے۔
یہ فیصلہ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں منصوبے کی کارکردگی، مستقبل کی حکمت عملی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کو مزید وسعت دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "آئی ورک فار سندھ” نوجوانوں اور روزگار فراہم کرنے والے اداروں کے درمیان ایک مؤثر ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ ان کے مطابق اب تک اس پلیٹ فارم کو 48 لاکھ سے زائد افراد وزٹ کر چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 13 ہزار امیدوار اپنی رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت 670 کمپنیاں پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہیں اور 11 ہزار 100 ملازمتیں فعال ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 20 ہزار 800 ملازمتیں پوسٹ کی جا چکی ہیں۔ اب تک 4 لاکھ 19 ہزار سے زائد ملازمت کی درخواستیں بھی جمع کرائی جا چکی ہیں۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق پورٹل پر خودکار طور پر سی وی تیار کرنے کی سہولت موجود ہے، جبکہ "لرن اینڈ ارن” فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے تاکہ نوجوان سیکھنے کے ساتھ ساتھ آمدنی کے مواقع بھی حاصل کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی پلیٹ فارم پر صنعتی ماہرین کی جانب سے لائیو کیریئر کاؤنسلنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس کے ذریعے نوجوان براہ راست ماہرین سے رہنمائی حاصل کر سکیں گے اور اپنی صلاحیتوں کے مطابق کیریئر کا انتخاب بہتر انداز میں کر سکیں گے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ "آئی ورک فار سندھ” کو مستقل سرکاری پروگرام کی شکل دے کر صوبے کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سے جوڑنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں گے۔
اجلاس میں حکومت سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر تشہیر، جدید ڈیجیٹل کمیونیکیشن حکمت عملی، اخبارات اور میڈیا ہاؤسز سے متعلق امور اور اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت اور عوام کے درمیان مؤثر رابطے کا بنیادی ذریعہ ہے، اس لیے جدید تقاضوں کے مطابق بروقت، شفاف اور مؤثر معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اخبارات اور میڈیا ہاؤسز سے متعلق تمام جائز معاملات قانون اور قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت نمٹائے جائیں اور صحافتی اداروں کے ساتھ مثبت، پیشہ ورانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے۔
اجلاس میں محکمہ اطلاعات کے تحت جاری فلمی منصوبوں، ان کی ڈسٹری بیوشن، نمائش اور دیگر انتظامی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔