...

ٹریفک حادثات: کراچی میں رواں سال 480 افراد جاں بحق، کورنگی میں ٹرک تلے آکر 10 سالہ بچہ جان سے گیا

کراچی: ٹریفک حادثات میں مسلسل اضافے کے باعث شہر میں انسانی جانوں کا نقصان جاری ہے۔ رواں سال اب تک مختلف ٹریفک حادثات میں 480 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 5 ہزار 747 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔

تازہ واقعے میں کورنگی کے علاقے بلال کالونی، مرتضیٰ چوک کے قریب ریتی بجری سے لدے ایک ٹرک نے مبینہ طور پر ریورس کرتے ہوئے 10 سالہ بچے کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت صدیق حسین کے نام سے ہوئی ہے۔

چھیپا فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

ایس ایچ او عوامی کالونی عدنان بخاری کے مطابق حادثے کے بعد ٹرک کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے ٹرک کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔

ادھر نارتھ کراچی میں بھی ایک الگ ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد شہر میں ٹریفک حادثات سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے جان لیوا حادثات میں 158 افراد جاں بحق ہوئے۔ ان میں سب سے زیادہ 73 اموات ٹریلرز سے ہونے والے حادثات میں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ واٹر ٹینکرز سے پیش آنے والے حادثات میں 41 افراد جان سے گئے۔

شہر میں ہیوی ٹریفک سے متعلق بڑھتے ہوئے حادثات کے بعد شہری حلقے سڑکوں پر حفاظتی اقدامات، ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور ذمہ دار ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.