صفائی آپریشن: سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا ڈور ٹو ڈور کچرا کلیکشن مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

کراچی: صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے شہر بھر میں ڈور ٹو ڈور کچرا کلیکشن کے نظام کو مضبوط بنانے اور صفائی کی خدمات میں بہتری کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے ہیں۔

ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں خراب ویسٹ بنز کی فوری مرمت یا تبدیلی، کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کی بروقت مینٹیننس اور صفائی آپریشن کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں نجی آپریٹنگ کمپنیوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی ورکشاپس قائم کریں تاکہ گاڑیوں کی خرابی کی وجہ سے صفائی کا نظام متاثر نہ ہو۔ اس کے علاوہ سینیٹری ورکرز کی کمی فوری طور پر پوری کرنے اور انہیں کمپنیوں کے پے رول پر شامل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

شرکاء نے ہر ضلع میں ہنگامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے 24 گھنٹے فعال بیک اپ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ بیک اپ پلان کے تحت رکشے، سینیٹری ورکرز اور دیگر ضروری وسائل ہر وقت دستیاب رکھے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

اجلاس میں کنسلٹنٹ فرحان لودھی نے پی سی ٹی ایس کی مؤثر تعیناتی اور نجی کمپنیوں کو آپریشنل فاصلے کے مطابق گاڑیوں کے لیے مناسب ایندھن فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی۔

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مطابق ہینگزو کمپنی نے صفائی آپریشن میں مزید بہتری کے لیے 50 نئے منی ٹیپرز اور 6 مکینیکل سوئیپرز شامل کر دیے ہیں، جس سے شہر میں صفائی کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔

ایم ڈی طارق علی نظامانی نے متعلقہ اداروں کو ایک ہفتے کے اندر جامع آپریشنل حکمت عملی پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے خبردار کیا کہ غفلت یا ناقص کارکردگی کی صورت میں شوکاز نوٹس، جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس کے اختتام پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!