کراچی پولیس ویلفیئر برانچ نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے اور ویلفیئر اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف ہسپتالوں میں تعینات ضلعی فوکل پرسنز کا اجلاس منعقد کیا، جس میں طبی خدمات کی فراہمی اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کراچی پولیس آفس کے آڈیٹوریم میں ہونے والے اجلاس کی صدارت ویلفیئر انچارج شرافت خان نے کی، جبکہ سب انسپکٹر شاہد بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں مختلف ضلعی فوکل پرسنز نے اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران پیش آنے والے مسائل، چیلنجز اور ہسپتالوں میں پولیس ملازمین و ان کے اہلِ خانہ کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ویلفیئر انچارج شرافت خان نے فوکل پرسنز کی آراء اور تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ نشاندہی کیے گئے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ پولیس ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ویلفیئر ڈیسک اور مختلف ہسپتالوں میں تعینات فوکل پرسنز پولیس فورس اور طبی اداروں کے درمیان ایک مؤثر رابطہ قائم رکھتے ہیں، جس کے باعث طبی امداد کی فراہمی میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔ ان کے مطابق پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کراچی پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے، اور اس مقصد کے لیے ویلفیئر نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
