مون سون بارشیں شروع ہونے کے پیش نظر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ساؤتھ زون نے شہریوں کے لیے سفری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے یکم سے 6 جولائی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ بارش کے دوران قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر پھسلن بڑھ سکتی ہے۔ حدِ نگاہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی کہ بارش میں رفتار کم رکھیں۔ گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔ ہیڈ لائٹس بھی لازمی استعمال کریں۔
ترجمان کے مطابق پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کا خطرہ موجود ہے۔ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ برساتی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ سیلابی پانی سے گزرنے کی ہرگز کوشش نہ کریں۔
موٹروے پولیس نے شمالی علاقوں کا سفر کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ روانگی سے پہلے موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔
ترجمان نے کہا کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال نہ کریں۔ سفر کے دوران پوری توجہ سڑک پر رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹرویز اور قومی شاہراہوں کی صورتحال معلوم کریں۔ کسی بھی رہنمائی یا ہنگامی مدد کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں یا @NHMPofficial کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے معلومات حاصل کریں۔