کراچی: محرم الحرام 1448ھ (2026ء) کے سلسلے میں 8، 9 اور 10 محرم الحرام کو مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے پیش نظر ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک عام ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا اور کیپری لائٹ سگنل، صدر دواخانہ، ریگل چوک، تبت چوک، ایم اے جناح روڈ، نیپیئر روڈ، نشتر روڈ، کھارادر اور بمبئی بازار سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
ٹریفک پلان کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل سے آنے والی گاڑیاں لاسبیلہ چوک کے ذریعے نشتر روڈ اور مارٹن روڈ استعمال کر سکیں گی۔ حسن اسکوائر سے پی پی چورنگی جانے والے شہریوں کو کشمیر روڈ یا لاسبیلہ چوک اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 9 محرم کو لیاقت آباد سے گرومندر روڈ صبح 8:30 بجے سے 9:30 بجے تک بند رہے گا۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ سے شاہراہِ فیصل کے ذریعے آنے والی ٹریفک کو کشمیر روڈ کی جانب موڑا جائے گا، جبکہ سینٹرل جیل سے گرومندر جانے والے افراد بہادر یار جنگ روڈ استعمال کریں گے۔ 9 محرم کو یہ راستہ صبح 10:30 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک بند رہے گا۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ سے آنے والی ٹریفک کے لیے گارڈن چڑیا گھر کے قریب متبادل راستے مختص کیے گئے ہیں۔ شہری انکل سریا سے دائیں جانب گل پلازہ یا بائیں جانب کوسٹ گارڈ روڈ استعمال کر سکیں گے۔
ہیوی اور کمرشل ٹریفک کے لیے سپر ہائی وے اور گلبرگ سے آنے والی گاڑیوں کو لیاقت آباد نمبر 10، ناظم آباد چورنگی نمبر 2، حبیب بینک فلائی اوور اور اسٹیٹ ایونیو کے راستے ماڑی پور جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واپسی کے لیے بھی یہی روٹ استعمال ہوگا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کے مختلف حصوں سے آنے والی گاڑیاں شاہراہِ فیصل، راشد منہاس روڈ، اسٹیڈیم روڈ، حسن اسکوائر اور حبیب بینک فلائی اوور کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچ سکیں گی۔
نیاز اور سبیل کی گاڑیوں کو صرف صدر دواخانہ اور کیپری لائٹ سگنل سے داخلے کی اجازت ہوگی۔ ایم اے جناح روڈ پر صرف انہی گاڑیوں کو داخل ہونے دیا جائے گا جن کی ونڈ اسکرین پر متعلقہ آفیشل اسٹیکر آویزاں ہوگا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ مرکزی جلوس کے پورے روٹ پر ہر قسم کی پارکنگ سختی سے ممنوع ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔