ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں اپنے اہم مطالبات پیش کر دیے۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور امین الحق شریک ہوئے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق وفد نے چار اہم نکات پر وزیراعظم سے تفصیلی گفتگو کی۔
وفد نے شہری علاقوں کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے بلدیاتی حکومتوں سے متعلق مجوزہ آئینی بل پر بھی بات کی۔
ملاقات میں سندھ کی گورنرشپ کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔
وفد نے لاپتا کارکنان کی بازیابی کا مسئلہ بھی وزیراعظم کے سامنے اٹھایا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مجوزہ آئینی بل کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے لاپتا کارکنان کے معاملے پر کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت بھی دی۔
ملاقات میں وفاق اور ایم کیو ایم کے درمیان باہمی تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔