تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کا جاوید بدر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا
لاہور( 16جنوری2024 ء) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے بھتیجے کو ملازمت پر کنفرم نہ کرنے کا معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی جاوید بدر کی عہدے سے ہٹانے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے جاوید بدر کی درخواست پر سماعت کی ۔ عدالت نے وفاقی حکومت کا جاوید بدر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ چیف الیکشن کمیشنر کے بھتیجے کو گریڈ 19 میں بھرتی کیا گیا۔ ترقی تبادلوں پر پابندی کے باوجود چند افسران کی مستقلی کی سمری چیف الیکشن کمیشنر کو بھجوائی گئی۔ چیف الیکشن کمیشنر نے صرف اپنے بھتیجے کی مستقلی کو منظور کیا باقی کو مسترد کردیا۔ درخواست گزار نے قانون کے برعکس چیف الیکشن کمیشنر کے بھتیجے کو مستقل نہیں کیا۔ چیئرمین الیکشن کمیشن نے رنجش کی بنا پر درخواست گزار کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کرایا۔ درخواست گزار کو قانون کے برعکس عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت درخواست گزار کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔