نواب شاہ میں آصف زرداری کے مقابلے میں جی ڈے اے سمیت 2 امیدوار دستبردار
سابق صدر کے خلاف مضبوط حریف جی ڈی اے کے سید زاہد حسین شاہ بھی مقابلہ سے دستبردار ہونے والوں میں شامل ہیں
نوابشاہ (تشکُّر نیوز) نواب شاہ کے حلقہ این اے 207 سے شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کے مقابلے میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈے ای) سمیت 2 امیدوار دستبردار ہوگئے۔ این اے 207 شہید بینظیر آباد کے ریٹرننگ افسر سبھاش چندر نے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف مضبوط حریف جی ڈی اے کے سید زاہد حسین شاہ مقابلہ سے دستبردار ہوگئے ہیں، اس کے علاوہ آزاد امیدوار ریاض حسین خاصخیلی بھی کاغذات نامزدگی واپس لیتے ہوئے انتخابات سے دستبردار ہوگئے۔
ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلا آوٹ ہوگیا، اب سیاسی میدان میں صرف تیر اور شیر کا مقابلہ ہوگا، وہ الیکشن لڑ رہا ہے تاکہ جیل سے بچ جائے ، میں اس لیے الیکشن لڑ رہا ہوں تاکہ آپ سب کو بچاؤں، ا آپ اسے ووٹ دیں گے جس نے 3 بار وزیر اعظم رہ کر بھی کوئی کام نہیں کیا، یہ لوگ ڈرتے ہیں کہ ہم عوام میں نکلے تو عوام ہمارے ساتھ کیا کریں گے، وہ بزدل شخص ہے ،میں اسے اس کے گھر میں گھس کر ماروں گا، شیر کے شکار کیلئے تیر استعمال ہوتا ہے، مل کر شیر کا شکار کریں گے کیوں کہ یہ وہ لوگ ہیں جو کبھی حکومت میں آتے ہیں تو لوگوں کو مسائل میں دھکیل دیتے ہیں جب پیپلزپارٹی کی حکومت آتی ہے تو ہم عوام کو ریلیف پہنچاتے ہیں۔