لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا شاندار فائنل لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک گیند قبل شکست دے کر جیت لیا۔ میچ کے دوران پاک بحریہ کو آپریشن بنیان مرصوص میں ملک کے سمندری دفاع اور پاکستانی پانیوں کے تحفظ پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
مالٹا 20 جون کو فلسطینی ریاست کو باضابطہ تسلیم کرے گا وزیراعظم رابرٹ ابیلا
اس موقع پر ملی نغموں سے تقریب کو چار چاند لگائے گئے۔ گلوکار ابرارالحق نے اپنے مشہور گیتوں سے شائقین کو خوب محظوظ کیا، جب کہ رضوان مرزا، حسین علی پراچا اور ندیم عباس لونے والا نے بھی افواجِ پاکستان کو ملی نغمے پیش کر کے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ:
کوئٹہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن آغاز توقعات کے مطابق نہ رہا۔ ابتدائی وکٹیں جلدی گرنے کے بعد حسن نواز نے 43 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ فہیم اشرف نے صرف 8 گیندوں پر 28 رنز بناکر آخری اوور میں دھماکا خیز کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی بیٹنگ:
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے محمد نعیم نے 27 گیندوں پر 47 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ کوشال پریرا نے 31 گیندوں پر 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ سکندر رضا نے بھی 7 گیندوں پر 22 رنز بنا کر نمایاں کردار ادا کیا۔ لاہور نے یہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر ایک گیند قبل حاصل کر لیا۔
اہم لمحات:
شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سلمان مرزا اور حارث رؤف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
فائنل میں فتح کے ساتھ لاہور قلندرز نے مسلسل شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا۔
کوئٹہ کے فہیم اشرف اور حسن نواز کی بیٹنگ بھی نمایاں رہی، مگر ٹیم فتح حاصل نہ کر سکی۔
اسکواڈز:
لاہور قلندرز: شاہین آفریدی (کپتان)، فخرزمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، کوشال پریرا، بھنوکا راجاپکسے، آصف علی، سکندر رضا، رشاد حسین، سلمان مرزا، حارث رؤف
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سعود شکیل (کپتان)، فن ایلن، حسن نواز، دنیش چندیمل، اویشکا فرنینڈو، رائیلی روسو، محمد عامر، خرم شہزاد، فہیم اشرف، عثمان طارق، ابرار احمد
پچھلے میچز کا پس منظر:
کوئٹہ نے پہلے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
لاہور قلندرز نے دوسرے کوالیفائر میں اسلام آباد کو 95 رنز سے شکست دی۔