وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام سمیت دیگر اہم شعبوں میں بنیادی اصلاحات لا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) میں انسانی مداخلت کم کرنے سے نظام میں شفافیت آئے گی اور ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال ہوگا۔
Monday, 26th May 2025
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ محض آمدن اور اخراجات کا مجموعہ نہیں ہوگا، بلکہ اس میں ایک جامع اسٹریٹجی بھی شامل کی جائے گی تاکہ معیشت کو دیرپا بنیادوں پر استحکام دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور اس طبقے کے لیے ٹیکس جمع کرانے کے عمل کو آسان اور سہل بنایا جائے گا۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت پنشن اصلاحات پر بھی سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، جبکہ قرضوں کی ادائیگی سے متعلق بوجھ میں کمی کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کے مائیکرو اکنامک استحکام سے مطمئن ہے اور حکومت طویل المدتی اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر قائم ہے۔