استنبول: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے صدارتی محل دولماباہچے میں اہم ملاقات کی۔ ترک صدر نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا اور دونوں ممالک نے اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں بھارتی کشیدگی کے دوران ترکیہ کی حمایت پر شکریہ ادا کیا جبکہ کشمیر اور غزہ کے حوالے سے دونوں رہنماؤں نے یکساں مؤقف اپنایا۔
اقتصادی تعاون، قابل تجدید توانائی، دفاعی پیداوار، آئی ٹی، زراعت اور دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے سالانہ دوطرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کے ہدف کی طرف پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ترک صدر اردوان نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اپنے چار ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں ترکیہ پہنچے ہیں اور وہ ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا بھی دورہ کریں گے۔

