اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا گیا۔ اس حوالے سے ایک پروقار تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، سفارتکاروں، وفاقی وزرا، مسلح افواج کے سربراہان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
یہ تقریب پہلے سانحہ خضدار کے باعث مؤخر کر دی گئی تھی، جس کی درخواست خود فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی تھی۔ تاہم جمعرات کو منعقدہ تقریب میں صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو یہ اعزاز دینا باعثِ فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید عاصم منیر نے معرکہ حق کے دوران فرنٹ سے لیڈ کیا اور وطن عزیز کے ہر چپے کا دفاع کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کے خلاف قوم متحد ہوکر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور ہمارے مؤثر جواب نے دنیا کو ہماری صلاحیتوں کا قائل کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ہیروز پر فخر کرتے ہیں، اور ان کی خدمات کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت نے دشمن کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی اور مؤثر جواب دے کر دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کشیدہ صورتحال میں سید عاصم منیر کا عزم اور جذبہ مثالی رہا اور ان کی خدمات کو پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔