پاکستان رینجرز (سندھ) اور سی ٹی ڈی پولیس نے مشترکہ انٹیلیجنس بنیادوں پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں نعمت اللہ عرف عابد، محمد نور عرف مانی اور صابر اللہ عرف دانیال شامل ہیں۔
Thursday, 22nd May 2025
رینجرز ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ یہ دہشتگرد فتنہ الخوارج کے کمانڈر رومان رئیس اور اسلام الدین گروپ سے وابستہ ہیں اور عسکری تربیت یافتہ ہیں۔ ان کا کراچی بھیجنے کا مقصد بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنا تھا۔
ملزم نعمت اللہ نے تفتیش میں انکشاف کیا کہ وہ 2018 سے فتنہ الخوارج کے مفتی نور ولی گروپ سے وابستہ ہے، افغانستان کے شہر برمل میں عسکری تربیت حاصل کی، اور وزیرستان میں کئی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ نعمت اللہ پہلے بھی دو بار دہشتگردی کے الزام میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، مگر رہائی کے بعد دوبارہ متحرک ہو کر کراچی پہنچا۔
ملزم محمد نور نے بتایا کہ وہ 2022 میں فتنہ الخوارج کے اسلام الدین گروپ میں شامل ہوا، اور کراچی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی میں مصروف تھا۔ وہ اہم مقامات کی ریکی کر کے اسلام الدین کو اطلاعات فراہم کرتا رہا، اور براہِ راست رابطے میں تھا۔
ملزم صابر اللہ نے اعتراف کیا کہ وہ فتنہ الخوارج کی سوشل میڈیا مہم کا حصہ رہا، اور 2024 میں اسلام الدین کے کہنے پر کراچی آیا۔ اس کا مقصد بھی شہر میں دہشتگردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی تھا۔
تمام گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر پر دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔