کراچی: ایس آئی یو پولیس نے فیروزہ آباد، نرسری کے قریب الراضی اسٹریٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ کشمیری ڈکیت گروہ کے سرغنہ راشد عرف کشمیری اور اس کے ساتھی زاہد محمود کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہ گروہ ڈکیتیوں، ہینڈ گرنیڈ حملوں اور اے ٹی ایم و بینک ڈکیتیوں میں ملوث رہا ہے۔
خضدار سانحہ: بھارت اور بی ایل اے کا ناپاک گٹھ جوڑ بے نقاب، بچوں کا قتل دشمن کی بزدلی کی انتہا
ایس ایس پی ایس آئی یو کی خصوصی ہدایت پر پارٹی انچارج اے ایس آئی ساجد نے کارروائی کی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، ملزم راشد عرف کشمیری سال 2009 سے کراچی میں وارداتوں میں ملوث ہے، جبکہ 2016 میں پولیس کی کارروائی سے بچنے کے لیے ٹیپو سلطان پولیس چوکی پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ بھی کر چکا ہے۔
ملزم مختلف بینکوں اور پیٹرول پمپس کے کیش لاکرز کو مخصوص طریقے سے لوٹتا اور پھر نقدی نکال کر تجوریاں ٹھکانے لگا دیتا تھا۔ پولیس کے مطابق، راشد عرف کشمیری کئی مقدمات میں مفرور و اشتہاری ہے جبکہ زاہد محمود بھی شہر کے مختلف تھانوں میں گرفتار ہو چکا ہے۔
ایس آئی یو کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کی اطلاع متعلقہ تھانوں کو دے دی گئی ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ کارروائی ایس ایس پی ایس آئی یو کی جانب سے جاری اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کی روک تھام کی ہدایات پر عملدرآمد کا نتیجہ ہے۔