کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے جمعرات کو کمشنر آفس میں دو اہم اجلاسوں کی صدارت کی جن میں شہر میں غیر معیاری ایل پی جی سلنڈرز کے خلاف مؤثر کارروائی اور غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ، ایس ایس پی ساؤتھ سوہا عزیز، ایف پی سی سی آئی کی ایل پی جی کمیٹی کے کنوینئر علی حیدر، اسسٹنٹ کمشنرز، سول ڈیفنس، بلدیاتی اداروں اور کے ایم سی کے افسران شریک تھے۔
کراچی میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف ایس بی سی اے کی کارروائیاں، متعدد عمارتیں منہدم و سیل
کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز فوری طور پر غیر معیاری ایل پی جی سلنڈرز کے خاتمے کے لیے بھرپور آپریشن شروع کریں۔ خاص طور پر ڈی سی ایسٹ اور ڈی سی کیماڑی کو ہدایت دی گئی کہ وہ ماری پور اور سہراب گوٹھ جیسے حساس علاقوں میں سخت کارروائی عمل میں لائیں۔
ایل پی جی ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے اجلاس میں غیر معیاری سلنڈرز کی فروخت کے مختلف مقامات کی نشاندہی کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ کمشنر نے سول ڈیفنس کو بغیر تصدیق کوئی این او سی جاری نہ کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں، جبکہ اسکول وینز میں گیس سلنڈرز کے استعمال پر فوری پابندی کا حکم دیا۔
ایس ایس پی سوہا عزیز نے بتایا کہ اب تک سینکڑوں گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی جاچکی ہیں۔ فائر بریگیڈ کے افسر ہمایوں خان نے حفاظتی پہلوؤں پر مشتمل تجاویز بھی اجلاس میں پیش کیں۔
دوسرے اجلاس میں کمشنر کراچی نے شہر میں قائم غیر قانونی مویشی منڈیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے خاص طور پر گڈاپ، ابراہیم حیدری، اسماعیل گوٹھ اور سڑکوں پر لگنے والی منڈیوں کے خلاف آپریشن کا حکم دیا۔ مارکیٹ کمیٹی کو غیر ضروری ٹیکس ختم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
کمشنر نے سختی سے خبردار کیا کہ اگر کوئی سرکاری افسر یا اہلکار غیر قانونی کام میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کیا جائے گا اور اسے موقع پر گرفتار کیا جائے گا۔
ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کمشنر کو یقین دلایا کہ کراچی پولیس اس مہم میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ اجلاس کے اختتام پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی اور اظہار تعزیت بھی کیا گیا۔