کراچی: پاک بھارت کشیدگی کے دوران باکسنگ کے میدان میں روایتی حریف بھارت کو شکست دینے والے سندھ پولیس کے ہیرو باکسر شہیر آفریدی کو آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ملاقات کے لیے مدعو کیا۔
تھانہ سعیدآباد پر چھاپہ، غیرقانونی حراست میں رکھے گئے 6 افراد بازیاب
اس ملاقات میں آئی جی سندھ نے شہیر آفریدی کی جرات اور کھیل کے میدان میں نمایاں کارکردگی پر نہ صرف انہیں پولیس فورس اور قوم کی جانب سے مبارکباد دی بلکہ انہیں ایک بنیادی تنخواہ اور تعریفی سند سے بھی نوازا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ:
"آپ کی بھارتی باکسر کے خلاف شاندار فتح نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ یہ کامیابی پاک فوج کی جانب سے دشمن کے عزائم خاک میں ملانے کی خوشی کو دوبالا کرتی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس شہیر آفریدی کی پشت پر ہے اور آئندہ بھی ان کی کامیابیوں کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ آئی جی سندھ نے باکسر کی لگن، عزم اور قومی جذبے کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی اظفر مہیسر اور ایس ایس پی علی رضا کو بھی مکمل تعاون پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
سندھ پولیس کے اسٹار باکسر شہیر آفریدی نے 3 مئی کو بنکاک، تھائی لینڈ میں ہونے والے ایک بین الاقوامی مقابلے میں بھارتی باکسر ترجوت سنگھ کو چوتھے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے شکست دی۔ اس شاندار کامیابی کے بعد وہ مڈل ویٹ کیٹیگری میں دنیا کے 50 بہترین باکسرز میں شامل ہو گئے ہیں۔
شہیر آفریدی نے بھارت کے ناقابلِ شکست باکسر کو زیر کر کے نہ صرف پاکستان کا نام روشن کیا بلکہ کھیل کے میدان میں بھی حب الوطنی اور پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔