کراچی (ایسٹ): ضلع ایسٹ کے تھانہ سولجر بازار پولیس نے گشت کے دوران اسٹریٹ کرائم کی واردات میں ملوث ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق، ملزمان ایک شہری کو لوٹنے میں مصروف تھے کہ گشت پر مامور پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس نے فوری اور حکمتِ عملی سے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم، جمیل ولد محمد رمضان، کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، چھینی گئی موٹرسائیکل اور شہری سے لوٹی گئی نقدی رقم برآمد کرلی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف متاثرہ شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ غیرقانونی اسلحے کے الزام میں علیحدہ مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ مزید تفتیش کے لیے معاملہ متعلقہ تفتیشی افسران کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق، گرفتار ملزم اس سے قبل بھی منشیات فروشی کے مقدمہ میں تھانہ گلبہار سے گرفتار ہوچکا ہے۔ پولیس فرار ہونے والے ساتھی ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ اسٹریٹ کرائمز کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔