کراچی (اسپیشل کرائم رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) اور تھانہ سائیٹ سپر ہائی وے پولیس نے انٹیلی جنس بنیادوں پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغان کیمپ بہادر گوٹھ، کراچی میں خفیہ چھاپہ مار کر ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث خطرناک گروہ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں گروہ کا سرغنہ عالم زیب سواتی سمیت عمر صادق سواتی، نور اللہ افغانی اور عامر الیاس بنوسی شامل ہیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق، گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن، ایک 9 ایم ایم پستول بمعہ گولیاں، ایک موبائل فون اور ایک پاسپورٹ برآمد کیا گیا۔ دونوں اسلحے بغیر لائسنس کے استعمال کیے جا رہے تھے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں، خصوصاً نیو سبزی منڈی، انڈس چوک (نادرن بائی پاس)، جنجھار گوٹھ اور جامعۃ الرشید روڈ پر شہریوں اور کاروباری افراد کو نشانہ بنا کر موبائل فونز اور قیمتی اشیاء لوٹیں۔ ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ چھینے گئے موبائل فونز کی خرید و فروخت اور غیر قانونی اسلحہ سپلائی میں بھی ملوث رہے ہیں۔
ملزمان کے خلاف تھانہ سائیٹ سپر ہائی وے میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے اور انہیں اسلحہ، ایمونیشن اور برآمد شدہ مسروقہ سامان کے ساتھ مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پاکستان رینجرز (سندھ) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر دیں۔ اطلاع دینے والے افراد کا نام مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔