اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے روٹری انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ کانفرنس 2025 میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے تنظیم کی عالمی سطح پر کی جانے والی سماجی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ روٹری انٹرنیشنل ایک صدی پر محیط انقلابی خدمات کی علمبردار ہے جو خدمت، امن، صحت، ہم آہنگی اور انسانیت کے عظیم ورثے کی حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روٹری نے دنیا بھر میں ہمدردی اور انسان دوستی کا ایک مضبوط نیٹ ورک قائم کیا ہے اور اس کی کامیابی اس کے مسلسل عزم میں مضمر ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں بھی روٹری کی خدمات قومی ترقی کے عمل کو تقویت دے رہی ہیں، اور اس کا مشن پاکستان کے قومی وژن سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے میں روٹری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ "ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان پولیو سے مکمل پاک نہیں ہو جاتا”۔
سید یوسف رضا گیلانی نے نوجوانوں کو رہنما اور جدت پسند بنانے میں روٹری کے کردار کی بھی تعریف کی۔ اپنی ذاتی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "میرا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے، میں نے عدم مساوات کو قریب سے دیکھا ہے، اور روٹری کا مشن میرے دل کے قریب ہے”۔
انہوں نے یاد دلایا کہ وزارتِ عظمیٰ کے دوران ان کی اولین ترجیح خواتین کو بااختیار بنانا تھی، اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کا آغاز بھی انہی کی قیادت میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ "BISP لاکھوں خاندانوں کے لیے زندگی کی امید ہے، اور روٹری اور BISP کا اشتراک عوامی فلاح کے لیے زبردست موقع ہو سکتا ہے”۔
چیئرمین سینیٹ نے یقین دہانی کرائی کہ بطور چیئرمین، وہ روٹری کی خدمات کے فروغ اور بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو کا خاتمہ، تعلیم کا فروغ، توانائی کی بہتری، قانون سازی کے ذریعے ترقی، خواتین کو بااختیار بنانا اور ماحول کا تحفظ ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ایسے پروگرامز ایک مضبوط، ہمہ گیر اور فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھتے ہیں۔