ضلع کیماڑی میں موچکو پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی چھالیہ سپلائر کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق پولیس نے بائی پاس روڈ موچکو پر اسنیپ چیکنگ کے دوران ملزم محمد اکبر ولد محمد اصغر کو دھر لیا، جو حب چوکی بلوچستان سے کراچی ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کر رہا تھا۔
ضلع ویسٹ میں اہم کارروائی: تھانہ اقبال مارکیٹ پولیس نے مفرور و مطلوب اسٹریٹ کرمنل کو گرفتار کرلیا
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں ممنوعہ اشیاء برآمد کی گئیں جن میں شامل ہیں:
26 بورے چھالیہ
5 شاپر ماوا/گٹکا
5 پیکٹ انڈین گٹکا
ملزم یہ سامان موٹر سائیکل لوڈنگ رکشے کے ذریعے کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس نے اسمگلنگ میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل لوڈنگ رکشہ بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ موچکو انسپکٹر ملک فیصل لطیف کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف گٹکا/ماوا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے تاکہ اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔
ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی نے عزم ظاہر کیا کہ شہر میں ممنوعہ اشیاء کی خرید و فروخت اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو مضر صحت اشیاء سے محفوظ رکھا جا سکے۔