کراچی — عترت انسٹیٹیوٹ آف بریلینٹ مائنڈس میں نئے تعلیمی سال کا باقاعدہ آغاز سید امتیاز الحق بخاری کے دست مبارک سے کر دیا گیا۔ اس موقع پر انسٹیٹیوٹ کے ایڈمنسٹریٹر ایڈووکیٹ عثمان ہاشم نے قطر سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تعلیم برائے خدمت کا عملی تصور پیش کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ نئی نسل ڈیجیٹل دنیا سے ہم آہنگ ہو۔ ادارے کی پالیسی میں تعلیم سب کے لیے کا اصول اولین حیثیت رکھتا ہے۔ اسی مقصد کے لیے "شاہ میر سورس آف سپورٹ” پروگرام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ مالی طور پر کمزور مگر ذہین بچوں کو تعلیم کی سہولت دی جا سکے۔
سید امتیاز الحق بخاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عترت انسٹیٹیوٹ میں آ کر دل کو اطمینان حاصل ہوا، یہاں معیاری تعلیم کی جانب مثبت سرمایہ کاری ہو رہی ہے، اور ادارے کے نیک مقاصد حوصلہ افزا ہیں۔ بخاری گروپ آف کمپنیز نے ہر فلاحی منصوبے میں تعاون کا وعدہ بھی کیا۔
تقریب کے دوران بچوں نے ملی نغمے پیش کیے، کیک کاٹا گیا اور ننھے طلبہ میں تحائف تقسیم کیے گئے۔ اہل علاقہ نے بھی نئے تعلیمی ادارے کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا۔