چراٹ: سپیشل آپریشنز سکول (ایس او ایس)، چراٹ میں اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) کے کمانڈوز کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں آفیسرز ایڈوانس کمانڈو کورس 83 اور سولجر کمانڈو کورس 102 کے کمانڈوز نے تربیت مکمل کرنے کے بعد عملی زندگی میں قدم رکھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی جنرل آفیسر کمانڈنگ ایس ایس جی، میجر جنرل جواد احمد تھے، جنہوں نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے افسران و جوانوں کو انعامات اور ایس ایس جی ونگز سے نوازا۔
ایڈوانس کمانڈو کورس مکمل کرنے والے 15 افسران میں سے 2 کا تعلق پاکستان نیوی سے ہے، جبکہ سولجر کورس کے 121 جوانوں میں سے 25 نیوی اور 3 کا تعلق پاکستان ایئر فورس سے تھا۔
اعزازی ڈیگر سے لیفٹیننٹ مدثر حیات (آفیسرز کورس) اور سپاہی محمد سمی (سولجر کورس) کو نوازا گیا۔
خصوصی 50 میل طویل دوڑ میں لیفٹیننٹ عباداللہ (پاکستان نیوی) نے نمایاں کامیابی حاصل کی اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔
تقریب میں تربیت مکمل کرنے والے افسران اور جوانوں کے والدین، اہل خانہ اور معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ ایس ایس جی ضرار کے جوانوں نے رولنگ فائر، جوڈو اور مکسڈ مارشل آرٹس کے دلکش مظاہرے پیش کیے جنہیں خوب سراہا گیا۔