کراچی (تشکر نیوز) – وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے جمعہ کو جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے متنازعہ منصوبے پر سندھ کے عوام، قیادت اور کارکنان کی مشترکہ جدوجہد رنگ لے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے سیاسی اختلافات کے باوجود صوبے کے مفادات پر یکجہتی کا مظاہرہ کیا، جس پر وہ تمام شہریوں کے شکر گزار ہیں۔
ضلع خیبر میں کور کمانڈر پشاور کی قبائلی مشران اور نوجوانوں سے خصوصی ملاقات، امن و ترقی پر گفتگو
سعید غنی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کے عوام کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر دباؤ ڈالا، جس کے نتیجے میں وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں یہ اصولی فیصلہ کیا گیا کہ جب تک تمام صوبے متفق نہیں ہوتے، دریائے سندھ سے کوئی نئی کینال نہیں نکالی جائے گی۔ اس اہم معاملے پر اب 2 مئی کو سی سی آئی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت نے اس منصوبے کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی، ایکنک میں اعتراض کیا، ارسا کی جانب سے جاری سرٹیفکیٹ کو چیلنج کیا، اور سی سی آئی میں اس کیس کو لے جایا گیا جہاں یہ 9 ماہ سے التوا کا شکار تھا۔
سعید غنی نے عوامی احتجاج، کارکنوں کی کوششوں اور سندھ کے سیاسی قیادت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اتحاد نے وفاقی حکومت کو مجبور کیا کہ وہ اس حساس مسئلے پر غور کرے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ سی سی آئی کے آئندہ اجلاس میں سندھ کے عوام کے موقف کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ مستقل طور پر روک دیا جائے گا