کراچی — کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے ہمدرد چیک پوسٹ، نادرن بائی پاس پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے کراچی اسمگل کی جانے والی مضر صحت چھالیہ کی بھاری مقدار برآمد کرلی۔
کراچی پولیس کا پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کا عزم
ترجمان کسٹمز کے مطابق کارروائی کے دوران ایک ڈمپر ٹرک (رجسٹریشن نمبر TLK 144) کو روکا گیا، جس میں کرش اسٹون کے نیچے مہارت سے چھپائی گئی 240 بیگز میں موجود 4.8 ٹن (4800 کلوگرام) چھالیہ برآمد کی گئی۔ اس اسمگل شدہ چھالیہ کی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 48 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والا ڈمپر، جس کی مالیت تقریباً 1 کروڑ روپے ہے، اُسے بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق ضبط شدہ چھالیہ اور ٹرک کی مجموعی مالیت 1 کروڑ 42 لاکھ روپے ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اسمگلنگ کے نیٹ ورک اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔