کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی نے طلباء کی صحت سے متعلق خدشات کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں مضر صحت اشیاء کی فروخت پر پابندی سے متعلق مراسلے سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، کالج ایجوکیشن اور محکمہ بلدیات کو ارسال کر دیے ہیں۔
نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 1.71 روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی
ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آصف جان صدیقی کی جانب سے جاری مراسلے میں تعلیمی اداروں میں رنگین چپس، پاپڑ، سافٹ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس جیسے مضر صحت اشیاء کی فروخت پر فوری پابندی کی یاد دہانی کرائی گئی ہے۔ یہ پابندی 2018 کے نوٹیفکیشن کی روشنی میں پہلے ہی نافذ ہے، جس پر مؤثر عمل درآمد کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے تعلیمی اداروں میں قائم کینٹینز اور فوڈ کارٹس کی سخت نگرانی پر زور دیا ہے تاکہ ممنوعہ اشیاء کی دستیابی کو روکا جا سکے۔ مراسلے میں تجویز دی گئی ہے کہ تمام اسکولوں اور کالجوں میں صحت بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔
سندھ فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ طلباء کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے صحت مند غذا کی فراہمی نہایت ضروری ہے، اور اس ضمن میں تعلیمی اداروں کی بھرپور ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مضر صحت اشیاء کی فروخت کو روکتے ہوئے صحت بخش ماحول فراہم کریں۔