پاکستان رینجرز (سندھ) اور سی ٹی ڈی پولیس نے مشترکہ انٹیلیجنس کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے کورنگی سے دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج (FAK) سے تعلق رکھنے والے تین انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔
نیکٹا بورڈ اجلاس انٹیلیجنس فیوژن سینٹر کے قیام کا اعلان نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے نئے اقدامات کی منظوری
گرفتار دہشتگردوں میں انعام اللہ عرف لالا، نعیم اللہ عرف عمر زالی اور محمد طائب عرف محمد شامل ہیں۔ تینوں کا تعلق فتنہ الخوارج حافظ گل بہادر گروپ سے ہے اور یہ سیکورٹی فورسز پر حملوں اور دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ کارروائی کے دوران اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
تفصیلات:
نعیم اللہ عرف عمر زالی 2014 میں گروپ میں شامل ہوا، عسکری تربیت یافتہ ہے اور وزیرستان میں متعدد کارروائیوں میں شریک رہا۔ اس کا والد مومن خان اور چچا سلیم اللہ بھی دہشتگردی میں ملوث تھے اور مارے جا چکے ہیں۔
انعام اللہ عرف لالا 2017 میں شامل ہوا، وزیرستان کے علاقے جانی خیل میں کمانڈر عبدالحمید عرف فکر مند کے ساتھ سرگرم رہا۔ کراچی میں نیٹ ورک منظم کرنے میں متحرک تھا۔
محمد طائب عرف محمد 2023 میں تنظیم میں شامل ہوا، اپنے بھائی عبدالرزاق کی ہلاکت کے بعد گروپ میں شامل ہوا اور کراچی میں سہولت کاری کر رہا تھا۔
یہ تینوں کراچی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کر کے منصوبہ ناکام بنا دیا۔ تینوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل:
پاکستان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر آپ کو ایسے کسی مشکوک یا جرائم پیشہ عناصر کی معلومات ہوں تو فوراً قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101، واٹس ایپ یا ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دیں۔ اطلاع دینے والے افراد کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔