وزیر دفاع خواجہ آصف نے اعلان کیا ہے کہ عید کے بعد عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف ملے گا۔ سماء نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عوام کو بجلی کے نرخوں میں کمی کی خوشخبری سنائی۔
پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے گرمیوں کے اوقاتِ کار کا نیا شیڈول جاری
مزید گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کرپشن کیس میں سزا ہوئی ہے اور انہیں ریلیف دینا یا نہ دینا عدالتوں کا اختیار ہے، حکومت اس معاملے میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی۔
بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے واضح کیا کہ کالعدم بی ایل اے سے کوئی مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے مزدوری کے لیے جانے والے افراد کا قتل عام افسوسناک ہے اور مسلح افواج ان عناصر سے بھرپور طریقے سے نمٹ رہی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام جلد بحال کیا جائے گا۔ ان کے مطابق وہاں کی موجودہ صورتحال مقامی قیادت کی ناکامی کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومتوں کی بھی ذمہ داری ہے، اور انہیں اس کا ادراک کرنا چاہیے۔
خواجہ آصف نے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ خوارج کے خلاف مؤثر کارروائی جاری ہے اور یہ بحران جلد ختم ہو جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچ عوام کے جائز مطالبات پورے کیے جانے چاہئیں اور بلوچستان کے ترقیاتی فنڈز کو صرف کوئٹہ تک محدود نہیں رکھا جانا چاہیے۔