لیاقت آباد کے ایف سی ایریا اور اطراف کے علاقوں میں چھوٹی خوشی گروپ نے اتوار کے روز خاموشی سے کم آمدنی والے گھرانوں اور افراد میں عید گفٹس تقسیم کیے، تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔
سلمان خان کی فلم سکندر کی ایڈوانس بکنگ توقعات سے کم
’خوشی سب کے لیے‘ – منتظمین کا مؤقف
گروپ کے منتظم آصف خان کا کہنا تھا کہ عید ایک خوشی کا تہوار ہے، مگر کئی گھرانے معاشی مسائل کی وجہ سے اپنے بچوں کے لیے کپڑے اور جوتے خریدنے سے قاصر ہوتے ہیں۔ ایسے خاندانوں کی مدد کے لیے، اپنے وسائل کے تحت عید گفٹس فراہم کیے گئے۔
ڈپٹی منتظم محمد کاشف نے بتایا کہ گفٹس میں مردوں، خواتین، نوجوانوں اور بچوں کے لیے تیار شدہ شلوار قمیض اور چپل شامل تھے۔ ہر گفٹ پیک کی لاگت 2000 روپے تک آئی، اور یہ محدود پیمانے پر تقسیم کیے گئے۔
مستفید ہونے والوں کے تاثرات
چاچا فخر (غبارے بیچنے والے): "میری آمدنی محدود ہے، میں بیٹی کے لیے عید کی تیاری نہیں کر سکا تھا، لیکن ان مخیر حضرات کی مدد سے اب ہم عید کی خوشی مناسکتے ہیں۔”
روشن بیگم (گھریلو خاتون): "میرے دو بچیوں اور بیٹے کے لیے عید گفٹس ملے، یہ نیکی کا کام ہے، مخیر حضرات کا شکریہ۔”
فاطمہ سلیم (بچی): "میرے والد کا انتقال ہو چکا ہے، والدہ گھروں میں کام کرتی ہیں۔ میرے پاس عید کے کپڑے اور جوتے نہیں تھے، ان انکل نے دیے، اب میں اپنی دوستوں کے ساتھ عید مناؤں گی۔”
’یہ نیکی کا کام ہے‘ – گروپ کا پیغام
چھوٹے رضا کار عبدالسبحان کا کہنا تھا کہ "بچوں کی اصل عید نئے کپڑوں اور جوتوں کے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔ جن بچوں کے پاس عید کے لیے کچھ نہیں تھا، وہ جب تحائف لے کر خوش ہوئے، تو ہمیں لگا کہ ہماری محنت کا مقصد پورا ہو گیا۔”
منتظمین نے اپیل کی کہ اگر ہر محلے کی سطح پر یہ عمل اپنایا جائے، تو کوئی بھی کم آمدنی والا گھرانہ عید کی خوشیوں سے محروم نہیں رہے گا۔