وزیراعظم شہباز شریف نے علما اور مشائخ سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے، جو بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا قیام کسی معجزے سے کم نہیں تھا اور ترقی کے لیے قوم کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
میانمار اور تھائی لینڈ میں 7.7 شدت کا زلزلہ، 144 افراد ہلاک، عمارتیں تباہ
انہوں نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں، لیکن اگر ملک میں تفریق اور مذہبی منافرت جاری رہی تو یہ قربانیوں سے بے وفائی ہوگی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ملکی عزت و وقار داؤ پر لگا ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔
وزیراعظم نے پاکستان کے قدرتی وسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے پہاڑوں میں اربوں کھربوں کے خزانے دفن ہیں، جنہیں بروئے کار لا کر ہم اپنے قرضے ختم کر سکتے ہیں اور عالمی سطح پر باوقار قوم بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ملک کی ترقی اور خوشحالی برداشت نہیں کر سکتے اور دہشتگردوں کو معاشی اور سیاسی سپورٹ دی جا رہی ہے تاکہ ملک اپنے وسائل سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔
انہوں نے قائداعظم کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں مسلمانوں کو مذہبی آزادی حاصل ہو اور اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم قرآن اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں تو کوئی طاقت ہمیں ترقی سے نہیں روک سکتی۔
ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو قرضوں پر انحصار کرنے کے بجائے خود انحصاری کی راہ اپنانا ہوگی، جس کے لیے مشکل فیصلے اور قربانیاں دینی ہوں گی۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دی اور حکومت کی جانب سے یوتھ پروگرام اور ڈیجیٹل یوتھ حب جیسے اقدامات کا اعلان کیا، تاکہ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا سکے۔
میڈیا کی طاقت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا کو مثبت تبدیلیوں کے لیے استعمال کرنا ہوگا، کیونکہ غلط معلومات معاشرے میں بے چینی پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سخت معاشی حالات کے باوجود پاکستان نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کیں اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، تاہم پروپیگنڈے نے ملک میں بے سکونی پیدا کر دی ہے۔
فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلسطینیوں کی نسل کشی شروع کر دی ہے، اور پاکستان آزادی تک ان کی حمایت جاری رکھے گا۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی اتحاد، اتفاق اور حب الوطنی میں مضمر ہے، اور اگر قوم مل کر آگے بڑھے تو خطے کے دیگر ممالک کو پیچھے چھوڑ سکتی ہے۔