وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران مستحق افراد کے لیے جامع اور شاندار رمضان ریلیف پیکیج کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب نے مل کر بڑا چیلنج قبول کیا اور اہم کام سرانجام دیا۔
عوام کے مسائل حل ہونے تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، شہر کو سنجیدہ مسائل نے گھیر لیا ہے: کامران ٹیسوری
وزیراعظم نے کہا کہ "ہم نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیا، کیونکہ عوام کا پیسہ وہاں کرپشن کی نذر ہو رہا تھا۔” انہوں نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار 20 ارب روپے کا رمضان پیکیج ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مستحقین تک پہنچایا جا رہا ہے، جو شفافیت کی جانب بڑا قدم ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل والٹ کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین فائدہ اٹھا سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ "عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، اور ڈیجیٹل نظام سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوگا۔”
یاد رہے کہ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت ملک بھر کے 39 لاکھ مستحق خاندانوں کو 5 ہزار روپے فی خاندان نقد امداد دی جا رہی ہے۔ اس پیکج کے لیے 20 ارب 50 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
اس بار رمضان ریلیف پیکیج یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے فراہم نہیں کیا جا رہا بلکہ براہ راست نقد رقوم دی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ اس منصوبے کے لیے 2 ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ سے دینے کی تجویز بھی دی گئی تھی، جبکہ وزارتِ خزانہ اب تک 8 ارب 50 کروڑ روپے جاری کر چکی ہے۔