کراچی میں تاوان کیلئے مغوی تاجر کا کان کاٹنے والے 2اغوا کار گرفتار

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

ملزمان نے مغوی تاجر کو بھینس کالونی میں گھر کی ٹنکی میں رکھا تھا اور ملزمان نے تاجر حارث کو اغوا کرکے 88 لاکھ تاوان وصول کیا تھا

کراچی ( 03 جنوری2024ء) شہر قائد میں تاوان کیلئے مغوی تاجر کا کان کاٹنے والے دو اغوا کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان نے اٹھاسی لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی پر مغوی تاجر کو چھوڑ دیا تھا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں اے وی سی سی اور وفاقی حساس ادارے کے اہلکاروں نے بھینس کالونی میں چھاپہ مار کر 12 دسمبر کو گڈاپ سے تاجر کو اغوا کرنیوالے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔


ایس پی اے وی سی سی ظفر صدیق نے بتایا کہ ملزمان نے مغوی تاجر کو بھینس کالونی میں گھر کی ٹنکی میں رکھا تھا اور ملزمان نے تاجر حارث کو اغوا کرکے 88 لاکھ تاوان وصول کیا تھا۔ظفر صدیق نے کہا کہ گرفتار اغوا کاروں سے دو دستی بم دو کلاشنکوف، پستول ،واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور تاوان کی رقم انیس لاکھ روپے برآمد ہوا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کا تعلق اغوا برائے تاوان میں ملوث افغان گینگ سے ہے۔ایس پی ایوی سی سی نے مزید بتایا کہ پولیس نے جس مکان پر چھاپہ مارا ملزمان نے مغوی تاجر کو اسی مقام پر رکھا تھا، مغوی تاجر کو زیر زمین پانی کے ٹینک میں رکھا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کا مقدمہ گڈاپ تھانے میں درج ہے،چھاپے کے دوران گرفتار ملزمان کے دیگر فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ملزمان نے اٹھاسی لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی پر مغوی تاجر کو حیدرآباد کے قریب چھوڑ دیا تھا جبکہ تاوان کی رقم دینے میں تاخیر پر اغواکاروں نے مغوی تاجر کا کان کاٹ دیا تھا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!