نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس سے ملاقات کی، جس میں سرحد پار دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی امن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بابر اعظم کا بولرز کو مشورہ، کین ولیمسن نے پاکستانی ٹیم کو سراہا، 23 فروری کو پاک-بھارت ٹاکرا، چیمپئنز ٹرافی کا جوش عروج پر
وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار اور عالمی چیلنجز کے حل میں اس کے تعاون کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔
اسحٰق ڈار نے اپنی گفتگو میں اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی امن مشنز میں پاکستان کے تاریخی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے تنازع کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد پر زور دیا۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے دو ریاستی حل کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔
مزید برآں، اسحٰق ڈار نے افغانستان سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کا معاملہ بھی اقوام متحدہ کے سامنے رکھا اور اس مسئلے کے حل کے لیے عالمی ادارے کے مؤثر کردار پر زور دیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے پاکستان کی اقوام متحدہ میں فعال شمولیت اور عالمی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اس کے امن مشنز میں کردار کو سراہا اور پاکستان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔