کراچی، 19 فروری 2025: پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان ہونے والی دو طرفہ مشق "افعی الساحل VII” کراچی میں فائنل ٹیسٹ ایکسرسائز (FTX) کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ اختتامی تقریب میں کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل فیصل امین اور دونوں ممالک کے اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی اور مشق کے دوران پیش کی جانے والی مہارتوں کا مشاہدہ کیا۔
ایس بی سی اے میں غیرقانونی بحالی اور تبادلوں کا معاملہ، علی مہدی پر اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام
اس مشق کے دوران، دونوں افواج نے جدید حکمت عملی، لائیو فائر ڈرل، چھاپہ مار کارروائی، اور پرخطر ماحول میں ریپیلنگ جیسی مہارتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ انسداد دہشت گردی، یرغمالیوں کی بازیابی، اور مشترکہ بحری آپریشنز جیسے اہم پہلوؤں پر بھی خصوصی تربیت دی گئی، جس نے دونوں بحری افواج کے باہمی تعاون اور جنگی صلاحیتوں کو مزید تقویت دی۔
"افعی الساحل VII” کا کامیاب انعقاد پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان بڑھتے ہوئے عسکری تعاون کی علامت ہے۔ اس مشق سے نہ صرف مشترکہ بحری سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی بلکہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ مہارت میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔