ایڈیشنل وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے چوری اور چھینی گئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی برآمدگی کے ساتھ ساتھ متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کراچی ایئرپورٹ پر 4 خواتین کی سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام
گڈاپ ڈویژن کی ٹیم نے 6 جنوری 2025 کو محمد خان گوٹھ سے مدعی حنیف سومرو کی چھینی گئی ٹویوٹا فورچونر (رجسٹریشن نمبر BP-1947) اور 12 جنوری 2025 کو ٹول پلازہ سے بحریہ ٹاؤن جاتے ہوئے چار ملزمان کی جانب سے چھینی گئی ایک غیر رجسٹرڈ ٹویوٹا فورچونر برآمد کرکے مالکان کے حوالے کر دی۔
شاہ فیصل ڈویژن نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ سعیدہ قرت العین اور اس کے ساتھی سعید سوریا کو گرفتار کر لیا، جو نشے کی عادی اور جرائم پیشہ بتائی جا رہی ہے۔ ان کے قبضے سے تھانہ تیموریہ سے چوری شدہ کوری (رجسٹریشن نمبر AGA-635) برآمد کی گئی۔ ملزمہ اس سے قبل بھی جیل جا چکی ہے۔
لیاری ڈویژن نے عادی موٹر سائیکل لفٹر گینگ کے تین ملزمان، رقیب، تابش اور وقاص کو گرفتار کرتے ہوئے تھانہ بغدادی، تھانہ صدر اور تھانہ عوامی کالونی سے چوری شدہ تین موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔
اسی طرح، کورنگی ڈویژن نے ملزم کاشف کو گرفتار کرکے تھانہ زمان ٹاؤن اور تھانہ KIA سے چوری شدہ دو موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں اور مزید چوری شدہ گاڑیوں کی برآمدگی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔