کراچی: شہر میں بھاری گاڑیوں کے باعث ہونے والے ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع رک نہ سکا۔ رواں سال کے پہلے چالیس دنوں میں ایک ہزار سے زائد حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 106 شہری جاں بحق جبکہ 900 سے زائد زخمی ہوئے۔
تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا
ریسکیو اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق، حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ سب سے زیادہ حادثات گلستان جوہر، منگھو پیر اور ہاکس بے میں رپورٹ ہوئے، جہاں ڈمپرز کے نیچے آکر والدین سمیت چار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
حیران کن طور پر یہ حادثات اس وقت پیش آئے جب ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد تھی۔ سندھ حکومت کی جانب سے اس معاملے پر اقدامات کرنے کی بازگشت تو سنائی دے رہی ہے، لیکن عملی طور پر کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عوامی دباؤ پر وقتی طور پر بھاری گاڑیاں دن کے اوقات میں شہر سے غائب ہوجاتی ہیں، لیکن مؤثر حکمت عملی کے بغیر یہ مسئلہ دوبارہ سر اٹھانے کے خدشات ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل اور مستقل پابندی یقینی بنائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جاسکے۔