کراچی – انسداد دہشت گردی عدالت نے آفاق احمد کو جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کرتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
عدالت کا آفاق احمد کا جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار، جیل بھیجنے کا حکم
آفاق احمد کو لانڈھی اور عوامی کالونی تھانوں کی حدود میں گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں پولیس ریمانڈ کے لیے پیش کیا گیا تھا، تاہم عدالت نے ان کا جسمانی ریمانڈ منظور نہ کیا اور جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
پولیس انویسٹی گیشن سپرنٹنڈنٹ قیس خان نے بتایا کہ آفاق احمد کی ہدایت پر کراچی میں دو پرتشدد واقعات میں گاڑیاں جلائی گئیں۔ مدعی فرید خان کے مطابق، ملزمان نے آفاق احمد کے حکم پر اس کا ٹرک نذر آتش کیا۔
آفاق احمد کی دھمکی آمیز ویڈیو کے بعد، جس میں وہ اپنے حامیوں کو کراچی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی لگانے کی دھمکی دے رہے تھے، شہر کا امن خراب ہو گیا اور ٹرانسپورٹرز میں خوف پھیل گیا۔
سیاسی پارٹی کی حمایت میں عدالت کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ بعد ازاں وکلاء نے آفاق احمد کی ضمانت کی درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے 14 فروری کے لیے پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کر دیے۔
یاد رہے کہ آفاق احمد کو گزشتہ رات کلفٹن میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔