وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکا میں چین کے خلاف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی، اور مخالفین کی جانب سے ان پر زہریلے پراپیگنڈے کرنے کا الزام لگایا ہے۔ ہیوسٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نوجوانوں کی ایک تقریب میں شرکت کو پراپیگنڈا بنا کر غلط رنگ دیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی اینٹی چائنا فنکشن میں شامل نہیں ہوئے۔
کراچی: گارڈن ویسٹ میں دو بچوں کے اغوا کا معاملہ 12 روز بعد بھی حل نہ ہو سکا
محسن نقوی نے مزید کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان کو پاکستان کے خلاف اُکسانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اور سیاست میں حصہ لینے کے باوجود ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ پاکستان کا نقصان نہیں ہونا چاہیے۔ کانگریس کے اراکین کے ساتھ ان کی ملاقاتیں مثبت رہیں۔
وزیرداخلہ نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لڑائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کی نہیں بلکہ دنیا بھر کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے امریکی سیاستدانوں سے مل کر دہشت گردی کے خلاف منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت پر بھی بات کی۔ محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
اس کے علاوہ، محسن نقوی نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے واشنگٹن میں امریکی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے اور تمام معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔