فرانس کے شہر پیرس میں یورپین یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن اور پاکستانی کمیونٹی فرانس کے زیر اہتمام ’’پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد‘‘ کے عنوان سے ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین، بچے، نوجوان اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے قومی پرچم تھامے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ ریلی کے دوران شرکاء نے ’’سول نافرمانی نامنظور، ترسیلات زر بڑھاؤ اور ملک بچاؤ‘‘ کے فلک شگاف نعرے بلند کیے، جس سے پیرس کی فضاء پاکستان کی محبت میں گونج اٹھی۔
ریلی کے شرکاء نے پاک فوج اور سپہ سالار کے ساتھ اپنی مضبوط وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے اور اسے کسی بھی صورت کراس نہیں ہونے دیں گے۔
شرکاء نے واضح کیا کہ پاکستان اور پاک فوج کے دشمن ہمیشہ منفی پروپیگنڈے کا سہارا لیتے ہیں، لیکن باشعور پاکستانی عوام ان کے عزائم کو پہچان چکی ہے۔ ریلی کے دوران شرکاء نے ’’سب سے پہلے پاکستان‘‘ کا عہد دہراتے ہوئے کہا کہ وہ ہر حالات میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
پیرس کی یہ عظیم الشان ریلی دنیا بھر کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے کہ اوورسیز پاکستانی پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتے ہیں۔